چین میں 10لاکھ ایغور مسلمانوں کو گرفتارکرکے کیمپوں میں‌ بند کردیا گیا

chinies muslims

بیجنگ(پاک نیوز) اقوام متحدہ کے مطابق چین میں دس لاکھ سے زائد ایغور مسلمانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مسلم آبادی رکھنے والاصوبہ سنکیانگ ایک بہت بڑے’ کیمپ‘ میں بدل چکا ہے۔ جہاں انسانی حقوق کو کوئی خیال رکھنے والا ہے اور نہ ہی صوبائی انتظامیہ کو کوئی پوچھنے والا ہے.
جمعے کو اقوام متحدہ کی نسل پرستی کے خاتمے کی کمیٹی کا ایک دو روزہ اجلاس شروع ہوا ہے، جس میں چین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بحث کی جا رہی ہے۔ اس اجلاس کے پہلے روز خاص طور پر ایغور نسل کو درپیش حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
china muslims
جنیوا میں اس کمیٹی کی خاتون نائب چیئرمین گے میکڈوگل نے بتایا کہ مستند رپورٹوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چینی حکومت کے مذہبی شدت پسندی ختم کرنے کے طریقہ کار کی وجہ سے ایغوروں کے نیم خود مختار خطے میں بہت بڑی تبدیلی آ چکی ہے۔
ان کے بقول یہ اب ایک بہت بڑے کیمپ میں بدل چکا ہے اور اسے ایک ایسا علاقہ کہا جا سکتا ہے، جہاں کسی کو کوئی حق حاصل نہیں۔
انہوں نے یہ دعوی بھی کیا،’’تقریباً دو ملین ایغوروں کو سنکیانگ میں زبردستی سیاسی اور مذہبی کیمپوں میں بند کر دیا گیا ہے‘‘۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ برس چین میں ہونے والی کل گرفتاریوں میں سے ستائیس فیصد اسی خطے سے کی گئی تھیں۔ چین میں ایغوروں اور دیگر مسلم برادریوں سے ایسا رویہ اختیار کیا جاتا ہے کہ جیسے وہ ملک دشمن ہوں۔

جنیوا میں موجود پچاس رکنی چینی وفد کی جانب سے میکڈوگل کے ان الزامات پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ اس اجلاس سے قبل اقوام متحدہ میں چینی سفیر نے کہا تھا کہ ان کی حکومت ملک میں آباد مختلف نسلی گروہوں کے مابین مساوات اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
چین میں بیس ملین سے زائد مسلمان آباد ہیں، جن میں سب سے بڑی تعداد ہُوئی اور ایغوروں کی ہے۔ ایغوروں نے مغربی چین کے سنکیانگ کو اپنا مسکن بنایا ہوا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران اس خطے میں بد امنی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں، جن میں 2009ء کی خونریزی نمایاں ہے۔

جولائی 2009ء میں ایغور مسلمانوں اور ہان نسل کے چینی باشندوں کے درمیان فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ اسے خطے میں نسلی بنیادوں پر ہونے والی تاریخی ہنگامہ آرائی قرار دیا گیا اور اس دوران تقریبا 200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.