معروف سیاستدانوں کی رشتہ دارخواتین کی قسمت پھر چمک اٹھی

اسلام آباد (ویب نیوز) گذشتہ دوانتخابات کی طرح 2018ء کا الیکشن بھی نامور سیاست دانوں کے خاندانوں کی خواتین کیلئے نیک شگون ثابت ہوا، اس باربھی کئی سیاستدانوں کی بہنوں، بیٹیوں، بیویوں اور دیگر رشتہ داروں کی قسمت جاگ اٹھی ہے اور وہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن اسمبلی بن گئی ہیں.
گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے اقلیتی اور خواتین کی نشستوں کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 158 ہوگئی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 82 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 52 ہوگئی جبکہ متحدہ مجلس عمل کی نشستوں کی تعداد 15 ہے۔
پی ٹی آئی کی نامزد کردہ خواتین

پاکستان تحریک انصاف نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر شیریں مزاری، منزہ حسن، عندلیب عباس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی اہلیہ کی بہن نفیسہ عنایت الله خان خٹک اور بھتیجی ساجدہ بیگم سمیت 16 خواتین اراکین کو نامزد کیا۔
female politicians
مسلم لیگ (ن) کی نامزد خواتین
مسلم لیگ (ن) نے خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت آصف اور بھتیجی شیزا فاطمہ، سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب، سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا کی اہلیہ اور سابق وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اہلیہ زہرہ ودود فاطمی، سابق وزیرمملکت چوہدری جعفر اقبال کی بیٹی زیب جعفر اور بھتیجی مائزہ حمید جبکہ رکن آزاد کشمیر اسمبلی ناصر ڈار کی بہن کرن ڈار سمیت 15 اراکین کو ٹکٹ دیئے۔ چوہدری جعفر اقبال کی اہلیہ عشرت جعفر نے پنجاب اسمبلی میں نشست حاصل کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی نامزد خواتین
پاکستان پیپلز پارٹی نے حنا ربانی کھر، شگفتہ جمانی، شازیہ مری، ناز بلوچ کو خواتین کی مخصوص نشست دی۔
ppp female mnas
اسی طرح متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کشور زہرا جبکہ متحدہ مجلس عمل نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کامران مرتضیٰ کی اہلیہ عالیہ کامران کو بلوچستان سے نامزد کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.