انٹرنیشنل کرکٹرزاوراسٹارز کی عمران خان کو مبارکباد، نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد (پاک نیوز) انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر انٹرنیشنل کرکٹرز اور بالی وڈ اسٹارز کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ لوگ پاکستان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کررہے ہیں.
سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے جا رہا ہے، لہذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کے لیے کام کیا، اس سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔
کپل دیو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور اگر پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو انہیں بے حد خوشی ہوگی۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کہا یہ میرا اعزاز ہے میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ان کی 22 برس کی محنت دیکھی ہے’۔
تبصرہ کار اور سابق انگلینڈ کرکٹر جیوفری بوائیکاٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کو زبردست کپتان اور کرکٹر قرار دیا اور انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہتر کام کریں گے۔
انگلینڈ کے ایک اور سابق کرکٹر مائیکل وان نے بھی عمران خان کی فتح کی خبر کو زبردست قرار دیا۔
بالی وڈ اداکار رشی کپور نے بھی ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کی الیکشن میں کامیابی کے بعد پہلے خطاب کو خوب سراہا اور لکھا کہ ‘آپ نے وہی کہا جو میں گذشتہ دو دن سے پاک-بھارت کے حوالے سے کہہ رہا تھا، میں امید کرتا ہوں کے آپ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات بنانے میں کامیاب ہوں گے’۔

You may also like...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: