نوازشریف

مسلم لیگ (ن) کا چئیرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

اسلام آباد (پاک نیوز) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، اجلاس میں پارٹی کے صدر شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزراء اور مجلس عاملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرحملے کی مذمت کی گئی اوران کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، نیب مقدمات اورچیرمین نیب کے حوالے سے آئندہ کی سیاسی و قانونی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔ نواز شریف نے کہا کہ چیرمین نیب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ چھوٹا نہیں بلکہ کافی سنجیدہ معاملہ ہے، اس سے زیادہ اب حالات کیا خراب ہوں گے، آمروں کے دور میں بھی ایسا نہیں دیکھا جو ہو رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ موجودہ حالات پر گزشتہ روز وزیراعظم سے بات ہوئی ہے، آج پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر بات ہوگی۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے نیب کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے چیرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا اور مطالبہ کیا کہ چیرمین نیب فوری مستعفیٰ ہوں۔ اس موقع پر نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ جانبدار اور متعصب ثابت ہوچکا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے آئندہ الیکشن کے لئے پارلیمانی بورڈ ، الیکشن سیل کے قیام اور مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کی تیاری کے لئے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.